
کابل : طالبان نے افغان فورسز کو تربیت کیلئے بھارت بھیجنے کی پیشکش کردی۔ طالبان کے وزیر دفاع ملا یعقوب نے کہا کہ انہیں بھارت کے ساتھ دفاعی تعلقات بحال کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ وہ افغان فورسز کو تربیت کے لیے بھارت بھیجنے کو تیار ہیں۔ لیکن انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پہلے دونوں حکومتوں کے درمیان سفارتی تعلقات بحال ہونے چاہئیں۔ ملا یعقوب نے بھارت سے کابل میں اپنا بند سفارت خانہ دوبارہ کھولنے اور طالبان سفیر کو نئی دہلی میں افغان سفارت خانہ سنبھالنے کی اجازت دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ وزیر دفاع نے کہا ہے کہ اگر انڈیا اپنے سفارتی عملے کو افغانستان واپس بھیجتا ہے تو طالبان کسی بھی قسم کی حفاظتی ضمانت دینے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ طالبان حکومت بھارتی حکومت سمیت دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کی خواہاں ہے۔


































