
پارا چنار : خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں واقع پاراچنار میں اسکول میں فائرنگ کرکے 7 اساتذہ کو شہید کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق مسلح تکفیری دہشت گرد اسکول میں داخل ہوئے اور اسٹاف روم میں گھس کر اندھا دھند گولیاں چلا دیں۔ شہید اساتذہ گورنمنٹ ہائی اسکول تری منگل میں میٹرک امتحانی ڈیوٹی پر تعینات تھے۔ شہدا میں میر حسین ، جواد حسین ، نوید حسین ، جواد علی ، محمد حسین اور علی حسین اور محمد علی شامل ہیں۔
طوری بنگش قبائل سے تعلق رکھنے والے اساتذہ تری منگل ہائی اسکول میں امتحانی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے ان واقعات کے بعد ضلع بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی واقعے کے بعد ضلع بھر میں آمد و رفت کے راستے سیکیورٹی خدشات کے باعث بند کردئیے گئے جبکہ کوہاٹ تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام 28 اپریل سے جاری میٹرک امتحانات نامعلوم مدت کیلئے ملتوی کردئیے گئے وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی ساجد طوری ، انجمن حسینیہ کے سیکریٹری عنایت حسین ، تحریک حسینی کے صدر علامہ سید تجمل حسین نے فائرنگ کے واقعے کے بعد بے گناہ اساتذہ کے قتل کو بہیمانہ اقدام قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس قسم واقعات ضلع کرم کے امن کو تباہ کرنے کی سازش ہے۔


































