
نئی دہلی : ہندوستان نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی کو اپنے قومی مفادات کے مطابق قرار دیا ہے۔ وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے پارلیمنٹ میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہندوستان کی کسی بھی چیز کی برآمدات جس کا براہ راست یا بالواسطہ کوئی فوجی تعلق ہو ہمارے قومی مفاد اور مختلف حکومتوں کے ساتھ ہماری وابستگیوں کے مطابق ہے۔ دفتر خارجہ میں فلسطینی وزیر مملکت کی ہندوستانی سفیر رینو یادیو سے ملاقات اور اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت پر نظر ثانی کی درخواست پر جے شنکر نے کہا کہ ہندوستان مختلف بین الاقوامی اداروں کا بہت ذمہ دار رکن ہے اور ہمارے پاس ایکسپورٹ کنٹرول اور لائسنسنگ کا طریقہ کار موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی برآمد کے بارے میں فیصلہ کرتے وقت اپنے قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایسا ملک بھی ہے جو مختلف لمحات میں ہمارے ساتھ کھڑا رہا ہے جب ہماری قومی سلامتی خطرے میں تھی۔


































