
قاہرہ : مصر کے عالمی شہرت یافتہ ادارے جامعہ الازھر نے سوڈان کے علما اور مذہبی حلقوں پر زور دیا ہے کہ وہ خون خرابہ اور خانہ جنگی روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ جامعہ الازھر کے مرکز برائے فتویٰ نے اپنے بیان میں کہاہے کہ سوڈان میں فوج کے دو دھڑوں کے درمیان لڑائی کسی کے مفاد میں نہیں، اسے فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔ جامعہ الازھر کی جانب سے جاری کئے ایک بیان میں علماء اور شیوخ سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فتنے کے خاتمے، موجودہ جنگ کے شعلوں کو بجھانے اور سوڈانی عوام کی خونریزی روکنے کے لیے مداخلت کریں۔ الازہر نےمتحارب فریقین سے دانشمندی کا مظاہرہ کرنے، مذہبی اور انسانی بھائی چارے کے جذبے کو ترجیح دینے اور ہر اس چیز سے دور رہنے کا مطالبہ کیا جو تنازعات کو ہوا دے اور تصادم کا موجب بنے۔ بیان میں سوڈانی فوجی قیادت پر اتفاق رائے پیدا کرنے اور اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیاہے۔


































