
خرطوم : سوڈان میں متحارب دھڑوں میں لڑائی میں شدت آگئی۔ مرنے والوں کی تعداد دو سو سے تجاوز کرگئی ہے۔ سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان دارالحکومت خرطوم میں مختلف مقامات پر جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تین دن سے جاری لڑائی میں دو سو سے زائد افراد ہلاک اور اٹھارہ سو زخمی ہوچکے ہیں۔ دونوں فریق گنجان آباد علاقوں میں ٹینک، توپ خانے اور دیگر بھاری ہتھیاروں کا استعمال کر رہے ہیں۔ سوڈانی فوج کے کمانڈر عبدالفتاح البرہان نے ریپڈ سپورٹ فورسز کو تحلیل کردیا ہے اور کہا ہے کہ الفاشر میں ریپڈ سپورٹ فورسز کے تمام کیمپ فوج کے کنٹرول میں آگئے ہیں۔ آر ایس ایف کے ایک گروپ نے ہتھیار ڈال دیے ہیں جبکہ دوسرے گروپ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم فیصلہ کن لمحات کے قریب ہیں۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے فریقین سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر پُرتشدد کارروائیاں بند کریں۔ امن بحال کریں اور بحران کے حل کے لیے بات چیت کا آغاز کریں۔


































