
گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے انجمن امامیہ بلتستان کے صدر آغا باقر حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران گلگت بلتستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا کہ گلگت بلتستان ایک پُرامن خطہ ہے اور اس کے امن و استحکام کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا کہ اس دھرتی کے امن و امان کی خاطر ہم ہر قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، یہ دھرتی ہے تو ہم ہیں، لہٰذا ہمیں باہمی اتحاد، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہو گا۔ گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے مزید کہا کہ تمام مکاتب فکر اور طبقات کو مل کر خطے میں امن، ہم آہنگی اور استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ آئندہ نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور پرامن ماحول یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر آغا باقر حسین نے بھی گلگت بلتستان میں امن و امان کے قیام اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔


































