
دمشق: ایران اور شام کے صدور نے اقتصادی تعلقات کے فروغ کیلئے تیل اور دیگر شعبوں میں طویل مدتی تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ دمشق میں دونوں صدور کی موجودگی میں اسٹریٹجک تعاون کے طویل المدتی معاہدے سمیت تجارت، تیل۔ توانائی، انجینئرنگ، ہاؤسنگ، ریل اور زائرین کی سہولیات سمیت 14 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے۔ اس سے پہلے صدر بشار الاسد اور ابراہیم رئیسی کی ملاقات میں ایران اور شام کے طویل المدتی تعاون کے منصوبے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے ایران اور شام کے خلاف مغرب کی نام نہاد زیادہ سے زیادہ دباؤ کی مہم کی مایوس کن ناکامی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی موجودہ حیثیت دباؤ کے خلاف ان کی مزاحمت کی صداقت کا ثبوت ہے۔ خطے اور خطے سے باہر کی بہت سی تبدیلیاں تہران اور دمشق کے برادرانہ تعلقات کو متاثر نہیں کرسکی ہیں۔ اس سے قبل ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی تاریخی دورے پر شام پہنچے تو شام کے صدر بشار اسد نے ان کا انتہائی پرتپاک استقبال کیا۔ ایران نے اس دورے کو علاقائی معاملات میں اپنی اسٹریٹیجک فتح کی علامت قرار دیا ہے۔


































