
مشہد: ایران کے شہید صدر آيت اللہ ابراہیم رئیسی کو اشک بار آنکھوں کے ساتھ مشہد میں روضہ امام رضا علیہ السلام کے احاطے میں سپرد لحد کردیا گیا۔ تشییع جنازہ میں مشہد اور اطراف کے علاقوں کے سوگواروں کا ہجوم امڈ آیا۔ مشہد کی سڑکیں اور روضہ امام رضا علیہ السلام کے اطراف کا علاقہ لاکھوں سوگواروں سے بھر گیا۔ سوگواروں نے اسلامی جہموری نظام اور خادمین قوم و ملت سے اپنے قلبی اور والہانہ لگاؤ کا ثبوت پیش کیا۔ شہید صدر کی آخری رسومات میں پاکستان، افغانستان، عراق، ترکیہ، ترکمنستان اور سعودی عرب کے وفود نے بھی شرکت کی۔ شہید صدر رئیسی کی تشییع جنازہ صبح صوبہ جنوبی خراسان کے شہر بیرجند میں ہوئی جس کے بعد انہیں حرم رضوی میں تدفین کے لیے مشہد منتقل کیا گیا۔ بیرجند میں بھی تبریز اور قم کی طرح لاکھوں افراد نے خراج عقیدت پیش کیا۔ بیرجند میں سوگوار ایرانی عوام نے اپنی شرکت سے تاریخ رقم کردی۔
ادھر ابراہیم رئیسی کے رفقا کی تشیع جنازہ مختلف شہروں میں ہوئی جہاں ہزاروں افراد نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیرخارجہ حیسن امیرعبداللہیان کی تشییع جنازہ تہران میں ہوئی جس میں اعلیٰ ملکی اور غیر ملکی حکام نے حصہ لیا۔ ان کے جسد خاکی کو حرم شاہ عبدالعظیم حسنی علیہ السلام میں سپرد خاک کیا گیا۔


































