
ریاض : سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبد العزیز نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کو دورے اور اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کی دعوت دے دی۔ ایرانی صدر کے سیاسی مشیر محمد جمشیدی نے ٹوئٹ کیاکہ سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز نے آیت اللہ رئیسی کے نام ایک خط میں دونوں برادر ممالک کے درمیان معاہدے کا خیر مقدم کیا اور آیت اللہ رئیسی کو ریاض کا سرکاری دورہ کرنے اور اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کی دعوت دی ہے۔ محمد جمشیدی کے مطابق صدر رئیسی نے اس دعوت کا خیر مقدم کیا ہےاور تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ایران کی تیاری پر زوردیا۔ ادھر ایرانی وزیرخارجہ حسین امیرعبدالہیان نےکہا ہے کہ وہ اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سے جلد ملاقات کریں گے۔ مجوزہ ملاقات کے لیے تین جگہیں تجویز کی گئی ہے۔ حسین امیر عبد الہیان نے واضح کیا کہ سعودی عرب کے ساتھ تازہ ترین پیغام رسانی کے بعد ایران نے بھی سفارت خانہ کھولنے پر آمادگی کا اعلان کیا۔ ہمارا سعودی عرب کے ساتھ اتفاق ہوا کہ سفارت خانوں کے کھولنے سے پہلے اس کی تیاری کے لیے تکنیکی وفود کے دورے پہلے ہونے چاہیے۔ یمن کے حوالے سے ایرانی وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم سعودی عرب کے تعاون سے خطے میں استحکام کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پڑوسی ممالک کی جانب سے ملکی سیکیورٹی کے لیے کسی بھی خطرے کو قبول نہیں کریں گے۔


































