
ریاض : سعودی عرب نے ایران کو یقین دلایا ہے کہ وہ اپنی فضائی حدود ایران کے خلاف کسی بھی طور استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے فون پر رابطہ کیا اورکہا کہ تہران بین الاقوامی قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے جنگ کو روکنے والے ہر عمل کا ہمیشہ خیرمقدم کرتا ہے۔ ایران کے خلاف امریکہ کی دھمکیاں صرف عدم استحکام کا باعث بنیں گی ۔صدر پزشکیان نے شہزادہ محمد بن سلمان کو یہ بھی بتایا کہ اسلامی ممالک کا اتحاد اور یکجہتی خطے میں دیر پا سلامتی، استحکام اور امن کی ضمانت بن سکتی ہے۔ محمد بن سلمان نے انھیں یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ سعودی مملکت اپنی فضائی حدود یا سرزمین کو ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی یا کسی بھی فریق کی طرف سے کسی بھی حملے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گی، چاہے ان کی منزل کچھ بھی ہو۔ محمد بن سلمان نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب ایران کے خلاف کسی بھی خطرے یا کشیدگی کو ناقابل قبول سمجھتا ہے اور ’خطے میں دیرپا امن اور سلامتی کے قیام کے لیے تعاون کے لیے تیار ہے۔


































