
جدہ : سعودی عرب ۔ اردن ۔ فلسطینی اتھارٹی اور حماس نے یورپی ممالک کے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے اقدام کا خیرمقدم کیا ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے تین یورپی ممالک کے اقدام کو مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے حصول کی طرف اہم قدم قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا کہ باقی ممالک بھی ایسا ہی فیصلہ کرلیں۔ اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفادی نے یورپی ممالک کے اقدام کو فلسطینی ریاست کی جانب ایک اہم اور ضروری قدم قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے دوریاستی حل کی راہ ہموار ہوگی۔ حماس کے سیاسی شعبے کے سینئر رکن باسم نعیم کا کہنا ہے کہ یہ فلسطینی عوام کی بہادرانہ مزاحمت تھی جس نے ناروے، آئرلینڈ اور اسپین کو فلسطینی ریاست تسلیم کرنے پر مجبور کیا۔ ہمیں یقین ہےکہ یہ اقدام مسئلہ فلسطین پر بین الاقوامی موقف میں ایک اہم موڑ ثابت ہو گا۔ فلسطینی انتظامیہ نے اسے تاریخی لمحہ قرار دیا۔


































