
بیروت : لبنان سے صیہونی ریاست پر راکٹوں کی بارش کردی گئی۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق لبنانی علاقوں سے دس منٹ کے اندر 100 کے قریب راکٹ داغے گئے۔ راکٹوں کا ہدف مغربی الجلیل میں یہودی بستیاں تھیں۔ راکٹوں کے ٹکڑے لگنے سے دو اسرائیلی زخمی ہوئے۔ جبکہ راکٹ گرنے سے مارکیٹ میں آگ لگ گئی۔ اسرائیل نے شمالی علاقوں میں جہازوں کی آمد ورفت روک دی ہے۔ اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ راکٹ فضا میں تباہ کر دیے گئے۔ راکٹ حملے کے بعد اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے علاقوں پر گولہ باری کی۔ تازہ ترین صورتحال پر غور کیلئے وزیراعظم نے فوج اور سیکیورٹی حکام کو طلب کرلیا۔ لبنانی فوج اسرائیل سرحد کے قریب علاقوں میں پہنچنا شروع ہوگئی۔ لبنانی فوج نے اسرائیل پر حملے میں استعمال ہونے والے راکٹ پیڈز کی تلاش شروع کر دی۔ اس سے پہلے غزہ کی پٹی سے راکٹ حملے کیے گئے۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ غزہ سے فائر کیے نو راکٹوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔ کسی گروہ نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے اس راکٹ حملے کا ذمہ دار فلسطینی گروپ حماس پر عائد کیا اور یہ بھی کہا کہ لبنانی حکومت اپنی سرزمین کے اندر سے داغے گئے کسی بھی راکٹ کی ذمہ دار ہے۔


































