لاہور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ آپریشن اور انتقامی کارروائیوں سے پی ٹی آئی ختم نہیں ہوگی۔ عمران خان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ نظریے کو جتنا دبایا جائے وہ اتنا ہی ابھرتا ہے۔ پی ٹی آئی کے نظریے کے ساتھ عوام ہیں۔ دنیا کے کسی بھی ملک میں ایسے مظالم نہیں ہوتے جو اس وقت ہماری پارٹی پر ہورہے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے خلاف کریک ڈاؤن کا مقصد پارٹی کو کمزور کرنا ہے تاکہ ہم الیکشن میں حصہ نہ لے سکیں۔ عمران خان نے یہ بھی کہا کہ کوئی اپنے ملک کی فوج کو کمزور نہیں کرنا چاہتا، دراصل انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ جو بھی ہو جائے عمران خان کو اقتدار میں نہیں آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نگران پنجاب حکومت کی مدت ختم ہوچکی، ان کے احکامات غیر قانونی ہیں، پی ٹی آئی ختم نہ ہوئی تو یہ اکتوبر میں بھی الیکشن نہیں کرائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف سے کبھی کوئی مسئلہ نہیں ہوا۔پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ مسائل کو کلیئر کرنے کےلیے ان تک پہنچنے کی کوشش کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پوچھتا ہوں میں اپنے ملک کی فوج سے کیوں مقابلہ کروں گا؟ کوئی سیاسی جماعت ایسا کیسے کر سکتی ہے؟ انہوں نے کہا کہ سیاست میں یہ 27 واں سال ہے، ہمیشہ کہا ہے کہ آئین کے اندر، ملک کے قانون کے اندر رہیں گے، احتجاج ایک جمہوری اور آئینی حق ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے مجھے مارنے کی کوشش کی تو جلاؤ گھیراؤ ہونا چاہیے تھا، لیکن نہیں ہوا۔ عمران خان نے کہا کہ جس لمحے مجھے اٹھایا گیا، اس کا ردعمل ہونا تھا، مجھے اغوا کیا گیا، سپریم کورٹ نے ثابت کر دیا کہ یہ اغوا غیر قانونی تھا۔
































