
دمشق: شام پر قابض اسرائیل نواز صدر احمد الشرع نے کرد برادری کے حقوق سے متعلق تاریخی صدارتی فرمان جاری کیا ہے، جس میں کرد زبان، ثقافت اور شہریت کے حقوق کو رسمی طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ شامی صدر احمد الشرع کے فرمان میں کہا گیا ہے کہ کرد شہری شام کا اہم اور ناگزیر حصہ ہیں اور ان کی ثقافتی و لسانی شناخت قومی وحدت کا حصہ ہے۔ فرمان میں کرد زبان کو قومی زبان اور اسے کرد اکثریتی علاقوں کے اسکولوں میں پڑھانے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ 1962 کے متنازع مردم شماری قوانین کو ختم کر کے ان کرد باشندوں کو بھی شام کی شہریت دی گئی ہے جو پہلے غیر رجسٹرڈ یا شہریت سے محروم تھے۔ نوروز کو ملک میں باقاعدہ قومی تعطیل مقرر کیا گیا ہے۔ لیکن کرد قیادت نے کہا ہے کہ صرف فرمان کافی نہیں اور حقوق کا حقیقی تحفظ تبھی ہو گا جب وہ آئین میں دستاویزی طور پر درج ہوں۔


































