
نیویارک: نیویارک کے میئر زہران ممدانی نے تارکینِ وطن کے حقوق کے دفاع میں قرآن اور دیگر مذہبی اقوال کا حوالہ دے کر توجہ حاصل کر لی۔ مڈ ٹاؤن مین ہیٹن میں نیویارک پبلک لائبریری میں منعقدہ پہلے بین المذاہب ناشتے سے خطاب میں ممدانی نے انصاف، وقار اور کمزوروں کی حفاظت کے لیے اخلاقی ذمہ داری پر زور دینے والی آیات کا حوالہ دیا۔ اور کہا کہ انسانی وقار، انصاف اور کمزوروں کے تحفظ کی تعلیمات مہاجرین کے ساتھ انسانی سلوک کا تقاضا کرتی ہیں۔ انہوں نے قرآنی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انسانی وقار فطری ہے اور کسی شرط سے مشروط نہیں۔ ممدانی نے اسلام کو ہجرت کی داستان پر مبنی مذہب قرار دیتے ہوئے مہاجرین کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔ میئر نے تورات سمیت دیگر مذاہب کے اقوال سے بھی اقتباسات پیش کیے اور کہا کہ اپنے درمیان رہنے والے اجنبی سے محبت کرنا اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مہاجرین اور پناہ گزینوں کے ساتھ ہمدردانہ اور منصفانہ رویہ اختیار کرنے کی اپیل کی۔


































