
نیویارک: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ قطری ثالث نے ایرانی وفد سے ایک اور ملاقات کی ہے، جس میں ایران کی شرائط پوری کرنے سے متعلق تجاویز پر غور کیا گیا۔ عباس عراقچی نے ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کو بتایا کہ قطری ثالث نے ایرانی وفد سے ملاقات میں بعض تجاویز پیش کیں، جن پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ عراقچی کے مطابق قطر نے یہ تجاویز امریکی فریق کے سامنے رکھ دی ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ امریکی جواب جلد موصول ہوجائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ قطر کو معلوم ہے کہ امریکی جواب موصول ہونے پر ایرانی حکام سے کس طرح رابطہ کرنا ہے۔ عراقچی کے مطابق قطری اور پاکستانی ثالثوں کے ذریعے ایران اور امریکا کے درمیان پیغامات کا تبادلہ پورے عمل کے دوران جاری رہا، تاہم ایران کی جانب سے جنگ بندی سے متعلق تجویز پیش کیے جانے کے بعد یہ رابطے زیادہ سنجیدہ مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔

































