
لاہور: پنجاب یونین آف جرنلسٹ نے روزنامہ دنیا کے سینئر سب ایڈیٹر زاہد عباس کی پُراسرار گمشدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔ پی یو جے کے صدر ابراہم لکی، جنرل سیکریٹری خاور بیگ مرزا اور ایگزیکٹو کونسل نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کا اولین فرض ہے، صحافیوں اور میڈیا کارکنان کی پُراسرار گمشدگیاں آزادی صحافت، آزادی اظہار اور میڈیا کی آزادی پر حملے تصور ہوتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں بالخصوص صحافیوں کی پُراسرار گمشدگیوں نے پاکستان میں شہری آزادیوں کے متعلق سوال کھڑے کر دیئے ہیں اور یہ ملک کیلئے بدنامی کا باعث بھی ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت، ریاستی اداروں اور پنجاب حکومت سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ زاہد عباس کو فوری طور پر بازیاب کروایا جائے اور صحافیوں کے تحفظ کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔


































