
لاہور: پاکستان میں پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ و رہنما پی ٹی آئی چوہدری پرویز الہٰی کو گرفتار کرلیا گیا۔چوہدری پرویز الہٰی کو لاہور شہر میں ان کے گھر کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔ وہ گاڑی میں گلگت بلتستان جانے کیلئے نکلے تھے۔ پرویز الہٰی کو اینٹی کرپشن پولیس نے حراست میں لیا۔ ان کیخلاف ٹھیکوں میں کمیشن لینے کے الزام پر مقدمہ درج ہے۔ پولیس اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے سوات میں سابق وزیر مواصلات مراد سعید کے گھر پر چھاپہ مارا تاہم ان کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔ اُدھر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما پرویز خٹک نے پارٹی عہدہ چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ سابق وزیر دفاع پرویز خٹک اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصد عمران خان کی مذاکراتی ٹیم کا حصہ ہیں اور انہیں مذاکرات کیلئے سیف ہاؤس بلایا گیا تھا۔ جہاں پرویز خٹک نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا اور کہا کہ ملک کا سیاسی ماحول بہت خراب ہے اس ماحول میں چلنا مشکل ہے۔ آئندہ کا لائحہ عمل دوستوں اور پارٹی ورکر سے مشورہ کرکے طے کروں گا۔


































