
بغداد : عراق کے دارالحکومت میں شیعہ مراجع کرام کی توہین کےخلاف احتجاج کیا گیا۔بغدادکے التحریر اسکوائر میں شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی۔شرکا نے آیت اللہ سیستانی اور دیگر مراجع کی تصاویر اور ان کی توہین کیخلاف بینرز اٹھارکھے تھے۔ مظاہرین نے شیعہ مراجع کی توہین کی مذمت کی اور کہا کہ اسے قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مظاہرین نے کردستان ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما ریبر احمد کی عہدہ صدارت کے لئے نامزدگی کی بھی مخالفت کی اور انہیں صیہونی ایجنٹ قرار دیا ۔ یاد رہے کہ کردستان ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما نایف الکردستانی نے اپنی ٹوئٹ میں شیعہ مراجع کرام کی توہین کی تھی۔ پارٹی سربراہ مسعود بارزانی نے مراجع کی توہین کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی مقدسات اور اہم شخصیات کی توہین ریڈ لائن کو عبور کرنے کے مترادف ہے اور اس کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جا سکتی۔


































