
لندن : برطانیہ سمیت یورپ میں ہزاروں افراد اسرائیلی حملوں کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے اور جنگ بندی کے باوجود غزہ پر اسرائیل کے مسلسل حملوں کے خلاف احتجاج کیا۔ لندن میں سینکڑوں فلسطینی حامی رسل اسکوائر پر جمع ہوئے اور وائٹ ہال کی طرف مارچ کیا۔ مظاہرین نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی اور برطانوی حکومت کو اسرائیل کو ہتھیاروں کی برآمدات جاری رکھنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ فلسطینی پرچم اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے مظاہرین نے اسرائیل اور برطانیہ کی حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ احتجاج کے دوران اسرائیل حامی افراد کے ایک چھوٹے گروہ نے اشتعال انگیزی کی کوشش کی، تاہم مظاہرہ مجموعی طور پر پُرامن رہا۔ سویڈن میں سینکڑوں مظاہرین نے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں جمع ہو کر غزہ پر اسرائیل کے حملوں اور انسانی امداد پر پابندیوں کے خلاف احتجاج کیا۔


































