
اسلام آباد: اسلام آباد کے علاقے ترلائی کی جامع مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں خودکش حملے کیخلاف نماز جمعہ کے بعد مسجد وامام بارگاہ جی سکس سے پولی کلینک چوک تک احتجاجی مارچ کیا۔ جس میں ملی تنظیموں کے نمائندوں، علمائے کرام و اکابرین سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے جس میں حکومت ناکام ہوئی۔
شیعہ علماء کونسل کے رہنما مولانا اسد اقبال کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں دہشت گردی پھیلانے والے فتنہ الخوارج ہیں ان کیخلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔ مظاہرین سے دیگر رہنماؤں اور شہدا کے ورثا نے بھی خطاب کیا، ریلی کے اختتام پر 23 نکاتی متفقہ اعلامیہ پڑھ کر سنایا گیا۔
جس میں حملے کی شفاف تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت کو پندرہ دن کا الٹی میٹم دیا گیا۔


































