تحریر: محمد علی حسن نیا
گذشتہ روز شام کے صدر بشار اسد گیارہ برس کے بعد پہلی بار ایک خلیجی ریاست کے دورے پر گئے۔ 2011ء میں تکفیری دہشت گردی کا بحران شروع ہونے کے بعد یہ ان کا پہلا دورہ ہے جس میں انہوں نے متحدہ عرب امارات کا سفر کیا ہے۔ صدر بشار اسد نے محمد بن زاید سے ملاقات کے دوران متحدہ عرب امارات کو بین الاقوامی ایشوز کے بارے میں معتدل پالیسی اختیار کرنے والا ملک قرار دیا ہے۔ دوسری طرف بن زاید نے بھی شام کو عرب دنیا کی سلامتی کا اہم ستون قرار دیا اور شام سے تمام غیر قانونی بیرونی فوجیوں کے انخلاء کا مطالبہ کیا ہے۔ شام میں سکیورٹی بحران شروع ہونے کے بعد تقریباً تمام عرب ممالک نے شام سے اپنے سفارتی تعلقات منقطع کر لئے تھے۔
2018ء میں متحدہ عرب امارات نے شام میں اپنا سفارتخانہ دوبارہ کھول دیا تھا۔ ابوظہبی نے شام میں اپنا سفارتخانہ کھولنے کے بعد اس ملک سے تعلقات معمول پر لانے کا عزم ظاہر کیا۔ دوسری طرف شام کی ایئرلائن کمپنی اجنحه الشام نے بھی دونوں ممالک کے درمیان پروازوں کی بحالی کا اعلان کر دیا۔ دمشق سے ابوظہبی جانے والی پہلی پرواز میں 147 مسافر سوار تھے۔ اس کمپنی نے اعلان کیا کہ اس پرواز کا مقصد شام اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ متحدہ عرب امارات عرب دنیا اور مغربی ایشیا خطے میں نیا کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔ یہ ملک عالمی سطح پر سعودی عرب کا تابع اور پیروکار باقی نہیں رہنا چاہتا۔
لہذا اس نے لیبیا، مصر، شام اور یمن میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری انجام دے رکھی ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ابوظہبی نے اپنی خارجہ پالیسی میں بنیادی تبدیلی لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ شام کے صدر بشار اسد کے دورہ امارات کی اہم بات یہ ہے کہ یہ دورہ شام میں سکیورٹی بحران پیدا ہونے کی گیارہویں سالگرہ کے موقع پر انجام پایا ہے۔ یوں یہ دورہ ان طاقتوں کے خلاف شام کی فتح کی علامت قرار دیا جا رہا ہے جنہوں نے تکفیری دہشت گرد گروہوں کے ذریعے شام میں ان کی حکومت سرنگوں کرنے کی سازش تیار کی تھی۔ متحدہ عرب امارات وہ پہلا عرب ملک ہے جس نے اس سازش کی حتمی شکست اور ناکامی کو قبول کر لیا ہے اور اب شام میں تعمیر نو کے منصوبوں میں شریک ہونے کا خواہاں ہے۔
شام اور متحدہ عرب امارات میں وسیع تجارتی تعلقات بھی قائم ہیں۔ عرب دنیا کی سطح پر متحدہ عرب امارات شام کا سب سے بڑا تجارتی شریک سمجھا جاتا ہے جبکہ عالمی سطح پر تیسرا بڑا شریک ہے۔ گذشتہ برس شام اور متحدہ عرب امارات میں انجام پانے والی تجارت کی مالیت 2.6 ارب ڈالر سے زاید پر مشتمل تھی۔ متحدہ عرب امارات کے ایک اعلی سطحی حکومتی عہدیدار نے خبر دی ہے کہ ابوظہبی نے 2019ء کے آخر تک شام میں 1.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری انجام دے رکھی تھی۔ اسی طرح متحدہ عرب امارات کے تعاون سے شام اور مصر کے درمیان انٹیلی جنس تعاون بھی جاری ہے۔ سیاسی ماہرین یوکرین جنگ کے باعث رونما ہونے والے موجودہ حالات میں صدر بشار اسد کے دورہ امارات اور دونوں ممالک میں قربتیں بڑھنے کو اہم قرار دے رہے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی سربراہی میں سابق امریکی حکومت نے عرب ممالک میں سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے ترجیحی بنیادوں پر تعلقات استوار کر رکھے تھے لیکن جو بائیڈن کی سربراہی میں موجودہ امریکی حکومت کا جھکاو زیادہ تر قطر کی جانب دکھائی دیتا ہے۔ سیاسی ماہرین کا خیال ہے کہ جو بائیڈن کی موجودہ پالیسی کا نتیجہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی روس سے قربتیں بڑھنے کی صورت میں ظاہر ہو گا۔ روس کے ساتھ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ شام کا مسئلہ تھا۔ لہذا متحدہ عرب امارات کا شام سے تعلقات کو فروغ دینا روس سے قریب ہونے کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔ دوسری طرف شام میں سکیورٹی بحران تقریباً ختم ہو چکا ہے اور اب وہاں تعمیر نو کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے لہذا ابوظہبی اس میں شرکت سے محروم نہیں رہنا چاہتا۔
شام دھیرے دھیرے عرب برادری میں واپس لوٹ رہا ہے۔ یوکرین کی جنگ نے شام سے متعلق روس اور امریکہ کے درمیان موجود مفاہمت اور ان لکھے معاہدوں کو بہت زیادہ مبہم کر دیا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ مستقبل قریب میں شام سے متعلق روس اور ان دو عرب ریاستوں یعنی متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں ہم آہنگی کو فروغ حاصل ہو گا۔ متحدہ عرب امارات خطے میں مصر، لبنان، شام، الجزائر، تیونس اور لیبیا کی مدد سے ایک نیا اتحاد تشکیل دینے کی کوشش میں مصروف ہے۔ دوسری طرف یمن کے جنوب میں علیحدگی پسندوں کی بھی مدد کر رہا ہے۔ البتہ متحدہ عرب امارات ایران سے بھی خوشگوار تعلقات استوار کرنا چاہتا ہے جبکہ ترکی سے بھی تجارتی تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے۔

































