
اسلام آباد: پاکستانی وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دورہ ہندوستان کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ دو ماہ قبل ہندوستانی ہائی کمیشن نے وزارت خارجہ کو پہنچا دیاتھا۔ پاکستان نے سرکاری طور پر ہندوستانی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر کو باضابطہ طور پر وزیرخارجہ بلاول بھٹو کی اجلاس میں شرکت سے آگاہ کردیا ہے۔ اور وزارت خارجہ نے اس حوالے سے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ بلاول بھٹو ہندوستان میں دو روزہ قیام کے دوران چین ۔ روس اور چار وسطی ایشیائی ریاستوں کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ سطح کے حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ وہ اپنے ہندوستانی ہم منصب سبرامنیم جے شنکر سے رسمی ملاقات کرسکتے ہیں ۔ بلاول بھٹو نے معروف صوفی بزرگ خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ پر حاضری اور چادر چڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ بلاول بھٹو کی اس خواہش سے پاکستانی وزارت خارجہ نے ہندوستانی حکام کو آگاہ کر دیاہے تاہم اس بارے میں ابھی کوئی جواب نہیں آیا۔


































