
تل ابیب : رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حکام غزہ میں رفح سرحد کے ذریعے فلسطینیوں کے داخلے کو محدود کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد زیادہ افراد کو غزہ سے باہر نکالنا اور کم لوگوں کو واپس آنے دینا بتایا جا رہا ہے۔
رائٹرز نیوز ایجنسی نے تین ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں اپنی سرحد کے قریب فوجی چیک پوسٹ قائم کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ اس چیک پوسٹ کے ذریعے تمام فلسطینیوں کو داخلے یا اخراج کے دوران اسرائیلی سیکیورٹی چیک سے گزارا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق یہ واضح نہیں ہے کہ اسرائیل داخلے کی تعداد پر کس طرح پابندی عائد کرے گا یا نکلنے اور داخل ہونے کا تناسب کیا ہوگا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ذرائع کے مطابق یہ منصوبہ گزشتہ سال سے زیر بحث ہے اور سخت نگرانی کے طریقہ کار پر بھی غور ہو رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ بھی غیر واضح ہے کہ اگر کوئی فلسطینی مصر سے داخل ہونے کی کوشش کرے اور اسرائیلی فوج نے اسے روک دیا تو اس کا کیا انتظام کیا جائے گا۔
اسرائیلی حکام کے اس اقدام کو فلسطینی نقل و حرکت پر مکمل کنٹرول اور سلامتی کے نام پر مزید پابندی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔


































