
پشاور: پشاور میں خودکش حملے میں ملوّث ہونے کے شُبے میں 23 افراد کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔ پشاور پولیس کے سربراہ اعجاز خان نے گرفتاریوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جن 23 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے وہ پشاور اور افغانستان کی سرحد کے ساتھ متصل قبائلی علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں، حملہ آور اور اس کے سہولت کاروں کے پاکستان سے باہر رابطے تھے۔ تفتیش کاروں کی توجہ اس بات پر مرکوز ہےکہ حملہ آور کس طرح ڈسٹرکٹ پولیس لائنزکی طرف جانے والی فوجی اور پولیس چوکیوں کوتوڑنے میں کامیاب رہا۔ اُدھر وفاقی کابینہ نے دہشت گردی کےخاتمےکے ایجنڈے پر تمام سیاسی قوتوں کے متفتہ طور پر جمع ہونے کی خواہش ظاہر کردی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کہا گیا کہ تمام سیاسی قوتوں کا دہشت گردوں کے خلاف قومی اتحاد وقت کی ضرورت ہے۔


































