
ریاض : سعودی عرب نے فلسطین پر ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کی تیاری کے اجلاس میں واضح کیا ہے کہ فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے سے ہی امن حاصل ہوگا۔ سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی زیرصدارت اجلاس میں زور دیا گیا ہے کہ امن بے حد ضروری ہے اور اس میں بہت تاخیر ہوچکی ہے۔ سعودی وفد نے اسرائیلی قبضے کے خاتمے کی اہمیت پر زور دیا۔ وفد نے فلسطینی حکومت کی حمایت کا مطالبہ کیا اور فلسطینی صدر محمود عباس کی اصلاحی کوششوں کی بھی تعریف کی۔ سعودی عرب نے اپنے بیانات میں کہا ہے کہ ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام خطے میں سلامتی اور استحکام کے حصول کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ دو ریاستی حل کی حمایت سعودی عرب کا کئی دہائیوں سے ایک مضبوط اور مستقل موقف ہے۔
اقوام متحدہ میں سعودی مندوب ڈاکٹر عبدالعزیز الواصل نے واضح کیا کہ اقوام متحدہ کی کانفرنس ایک رسمی اور جامع راستہ ہے جو ایک منصفانہ اور مستقل حل تک پہنچنے کی بین الاقوامی کوششوں کو فروغ دے رہا ہے۔


































