
اسلام آباد: چیئرمین ایم ڈبلیو ایم پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستانی عوام امریکا و اسرائیل کی دوستی کسی صورت نہیں چاہتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کے ڈی چوک پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام قبلہ اول کی آزادی اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئےنکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے چھوٹے بڑے شہروں میں قبلہ اول کی آزادی اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے بعد نماز جمعہ ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں خواتین، بچے بوڑھے اور جوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ڈی چوک پر مقررین نے خطاب کیا اور امریکا و اسرائیل کے پرچم بھی نذر آتش کیے گئے۔ شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایم ڈبلیو ایم پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ عوام کا روزے کی حالت میں باہر نکلنا امریکا و اسرائیل کی نابودی و مایوسی کا باعث ہے، غاصب اسرائیل کیخلاف نکلنا بہت بڑا جہاد ہے، اسرائیل انتہائی بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔


































