
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ اُن کی جماعت وزیراعظم شہباز شریف کی بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہیں کرے گی۔ میڈیا سے گفتگو میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت ڈھونگ رچا رہی ہے، یہ تاثر دینا چاہ رہی ہے کہ مل کر فیصلہ کرنا چاہیے۔ ان کو شرم آنی چاہیے، یہ قوم کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عوام کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔ ہمارے رہنماؤں پر جھوٹے مقدمات درج کیے جارہے ہیں تو کیسے ان کے ساتھ بیٹھ سکتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اہم قومی چیلنجز پر تمام قومی سیاسی قائدین کو ایک میز پر بٹھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے 7 فروری کو ‘کل جماعتی کانفرنس بلانے کا اعلان کیا تھا۔


































