
نیویارک : اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ کیمیائی ہتھیاروں سے حملے کرنے والوں کی شناخت کر کے انہیں جوابدہ ٹھہرانا چاہیے۔ انہوں نے یہ بیان جوہری ہتھیاروں اور بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے دیگر ہتھیاروں سے پاک مشرق وسطیٰ زون کے قیام پر کانفرنس کے دوسرے سیشن کے آغاز میں دیا۔انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ ان زونز کو وسعت دینے سے تخفیف اسلحہ اور عدم پھیلاؤ کے منصوبے مزید مضبوط ہوں گے۔یہ خاص طور پر مشرق وسطیٰ میں ہوتا ہے جہاں جوہری پروگرامز سے متعلق خدشات برقرار ہیں اور جہاں تنازعات اور خانہ جنگی شہریوں کی ہلاکت اور مشکلات کا باعث بن رہے ہیں۔ اس سے استحکام کو نقصان پہنچ رہا ہے اور معاشی و معاشرتی ترقی میں خلل پیدا ہورہا ہے۔ انہوں نے خطے میں تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ تنازعات کو بڑھاوا دینے سے گریز کریں۔سالانہ کانفرنس کا دوسرا سیشن کورونا وائرس کی وجہ سے ایک سال کی تاخیر کے بعد ہوا۔ اس کی صدارت کویت کے اقوام متحدہ کے لیے مستقل مندوب منصور العتیبی نے کی کانفرنس کا پہلا سیشن 2019 میں ہوا تھا جس کے بعد کانفرنس کی صدارت کو اردن سے کویت کے حوالے کیا گیا تھا۔


































