
کوئٹہ: وزیراعظم شہبازشریف نے انڈیا کا نام لئے بغیر الزام لگایا ہےکہ دہشت گردی کے واقعات میں مشرقی ہمسائے کا ہاتھ ہے۔ دہشت گرد تنظیموں کو اسلحہ اور پیسہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ ۔صوبہ بلوچستان میں دہشت گردی کے بڑے واقعات کے بعد کوئٹہ شہر میں صوبائی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ گذشتہ سال مئی میں معرکۂ حق میں فتح اور پاکستان کی سفارتی کامیابیاں دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ مشرقی ہمسایہ ملک دہشتگردوں کو اسلحہ، مالی معاونت اور دیگر سہولیات فراہم کر رہا ہے، دہشتگرد افغان سرزمین استعمال کرتے ہوئے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں حملے کرتے ہیں۔ شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان بلوچستان کی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے اندرونی اور بیرونی دہشت گرد نیٹ ورکس کو کُچل کر رکھ دے گا۔ آخری فسادی اور دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ بلوچستان میں امن پاکستان کے استحکام، ترقی اور خوش حالی کے لیے ناگزیر ہے۔


































