
اسلام آباد : پاکستان نے ایران کے ساتھ سرحدی تجارت شروع کرنے کیلئے طریقہ کار وضع کردیا۔ مال کے بدلے مال کی تجارت کوئٹہ اور زاہدان چیمبرز آف کامرس کے درمیان ہو گی ۔ وزارت تجارت نے ایران کے ساتھ بارٹر ٹریڈ یعنی اشیاء کے بدلے اشیاء کی تجارت شروع کرنے کیلئے طریقہ کار وضع کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ کسٹمز کی جانب سے بارٹر ٹریڈ کیلئے خصوصی گڈز ڈیکلریشن کوڈ یعنی”بی ٹی” متعارف کیا جائے گا۔ایف بی آر کی جانب سے کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو وی باک کیلئے خصوصی لاگ ان آئی ڈی اور پاسورڈ تک رسائی دی جائے گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کسٹمز کیو سی سی آئی کے ساتھ بی ٹی ڈیٹا کا ماہانہ بنیادوں پر تبادلہ کرے گا جبکہ کیو سی سی آئی اور زیڈ سی سی آئی بارٹر ٹریڈ کے تحت سہ ماہی بنیادوں پر اعدادو شمار کا جائزہ لیں گے- نوٹیفیکشن کے مطابق کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے چیمبر میں بارٹر ٹریڈ سیل قائم کیا جائے گا-کیو سی سی آئی بارٹر اشیاء کیلئے پاکستانی روپیوں میں بینک اکاؤنٹ کھولے گا اور بارٹر ٹریڈ کے خواہش مند ایکسپورٹرز اور امپورٹرز کو رجسٹر کرے گا-ایران کے ساتھ بارٹر ٹریڈ کیو سی سی آئی کے اجازت نامے سے مشروط ہوگی-بارٹر ٹریڈ اشیاء کی مالیت کو پاکستانی روپیوں میں سیٹلڈ اور ڈکلیرڈ کیا جائے گا۔


































