
اسلام آباد : نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا کی نئی قسم اومیکرون کے باعث کیٹگری سی ملکوں کی فہرست 7 سے بڑھا کر 15 کردی ہے۔ ان ملکوں سے پاکستان آنے والوں پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ پاکستان آنے والے تمام مسافروں کےلیے ویکسی نیشن لازمی قرار دیدی گئی ہے۔اسلام آباد میں این سی او سی کے اجلاس میں فضائی سفر کی کیٹگری سی لسٹ کا جائزہ لیا گیا اور حکام کی جانب سے لسٹ میں شامل ممالک کی تعداد 7 سے بڑھا کر 15 کردی گئی۔ کیٹگری سی ممالک میں جنوبی افریقا، نیدر لینڈز، ہانگ کانگ، ہنگری، آئر لینڈ ، کروشیا، سلووینیا، ویتنام، پولینڈ، موزمبیق، لیسوتھو، ایسواتینی، بوٹسوانا ، زمبابوے اور نمیبیا شامل ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جاری ہدایات کے تحت کیٹگری سی والے ممالک سے پاکستان آنے پر مکمل پابندی ہوگی تاہم ان ممالک سے اشد ضروری سفر خصوصی اجازت پر ہی ہوسکے گا۔ کیٹگری سی میں شامل ممالک سے پاکستان کیلئے سفر خصوصی کمیٹی سے استثنیٰ سرٹیفکیٹ کے بعد ممکن ہوگا۔ این سی او سی کا کہنا ہے کہ پاکستان آنے والے تمام مسافروں کیلئے ویکسینیشن لازمی ہوگی،6 سال اور زائد عمر کے پاکستانیوں، غیر ملکیوں کیلئے بورڈنگ سے 48 گھنٹے پہلے کیا گیا پی سی آر ٹیسٹ دکھانا لازمی ہوگا۔


































