
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سندھ حکومت کو چار ماہ میں تمام محکموں میں معذور افراد کو بھرتی کرنے کا حکم دے دیا ہے۔سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سندھ کے سرکاری محکموں میں معذور افراد کے کوٹے پر ملازمتیں نہ دینے کے خلاف سماعت ہوئی۔ معذور افراد کے سرکاری کوٹے پر عملدرآمد نہ کرنے پرعدالت نے سندھ حکومت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام محکموں میں معذور افراد کی بھرتیوں کا عمل 2 ہفتوں میں شروع کیا جائے۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ جن محکموں میں آسامیاں خالی ہیں ان میں بھرتیاں کی جائیں گی اورمعذور افراد کے کوٹے پر کچھ حد تک عملدرآمد کیا ہے۔ درخواست کے مطابق صوبے میں تمام محکموں میں معذور افراد کے لیےملازمتوں کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے لیکن کوٹہ مختص ہونے کے باوجود سندھ حکومت معذور افراد کو سرکاری ملازمین نہیں دے رہی ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سندھ حکومت کو معذور افراد کے کوٹے پر عملدرآمد کرنے کا حکم دیا جائے۔


































