
اسلام آباد : چین نے او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس میں اسلامی دنیا کے ساتھ تجارتی اور ثقافتی تعلقات بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین تہذیبوں کے درمیان تصادم کی بجائے ڈائیلاگ پر یقین رکھتا ہے۔ اسلام آباد میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس اس وجہ سے منفرد تھا کہ اس میں پہلی بار چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور اسلامی دنیا کے ساتھ چلنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ او آئی سی اجلاس سے خصوصی خطاب میں چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ چین اسلامی دنیا کا دوست ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسلامی اور چینی تہذیبوں نے انسانی تاریخ میں اہم اقدار متعارف کروائیں اور دونوں تہذیبوں کے روابط تاریخی ہیں۔ چین تہذیبوں کے تصادم پر یقین نہیں رکھتا بلکہ تہذیبوں کے درمیان ڈائیلاگ کا حامی ہے تاکہ انسانیت مشترکہ طورپر بہتر مستقبل کی طرف گامزن ہو او آئی سی وزرائے خارجہ کے 48 ویں اجلاس میں چینی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ اسلامی دنیا کے مسائل اور خصوصاً مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے لیے چین کی حمایت کوئی ڈھکی چھپی نہیں۔


































