
تہران : آپریشن وعدہ صادق چہارم کے چھٹے روز بھی اسرائیل پر میزائل برستے رہے۔ ایران نے پہلی بار ایک ٹن بارود لے جانیوالا خرمشہر فور بیلسٹک میزائل بھی چلادیا۔ خرمشہر 4 میزائل تقریباً 13 میٹر لمبا اور تقریباً 30 ٹن وزنی ہے۔ میزائل کی زیادہ سے زیادہ رفتار آواز کی رفتار سے 16 گنا زیادہ تک جاسکتی ہے۔ اس رفتار کے باعث میزائل کے داغے جانے سے ہدف تک پہنچنے کا وقت تقریباً 10 سے 12 منٹ رہ جاتا ہے جو کئی میزائل دفاعی نظاموں کے لیے مؤثر ردعمل دینا مشکل بنا دیتا ہے۔ میزائل سے تل ابیب کے مرکز، بن گوریون ایئرپورٹ اور اسرائیلی فضائیہ کے اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔
کویت ۔ بحرین اور عرب امارات میں امریکی اڈوں پر ڈرون سے حملے کئے گئے۔ ابوظہبی میں ڈرون حملے میں چھ شہری زخمی ہوگئے۔ عرب امارات میں ایک بیلسٹک میزائل اور چھ ڈرونز نے نقصان پہنچایا۔ عرب امارات نے برطانوی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں پاسداران انقلاب نے خلیج فارس میں امریکی آئل ٹینکر اور آبنائے ہرمز میں بحری جہاز کو نشانہ بنادیا۔ عراقی بندرگاہ کے قریب غیرملکی جہاز پر بارود سے بھری ریموٹ کنٹرول کشتی سے حملہ کیا گیا۔


































