
پیانگ یانگ : شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے جسے رواں سال کا 14واں میزائل تجربہ قرار دیا جارہا ہے۔ جنوبی کوریا کے فوجی حکام کا کہنا ہےکہ شمالی کوریا نے حال ہی میں مشرقی ساحل کی جانب ایک میزائل فائر کیا ہے اور یہ تجربہ شمالی کوریا کے حالیہ جوہری پروگرام سے متعلق بیان کے ایک ہفتے بعد کیا گیا ہے۔ اس بیان میں شمالی کوریا کا کہنا تھا کہ وہ جتنی جلدی ممکن ہو جوہری صلاحیت کے حصول کو ممکن بنائے گا۔جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے دعویٰ کیا ہےکہ شمالی کوریا نے تقریباً دوپہر بارہ بجے کے قریب پیانگ یانگ کے علاقے سے ایک میزائل فائر کیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپانی کوسٹ گارڈ کا کہناہےکہ شمالی کوریا کی جانب سے فائر کیا گیا میزائل ممکنہ طور پر بیلسٹک میزائل ہوسکتا ہے۔


































