
پیانگ یانگ : شمالی کوریا نے دیو ہیکل بین البراعظمی میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا۔ شمالی کوریا کا 2017 کے بعد بین البراعظمی میزائل کا یہ پہلا تجربہ ہے۔ آئی سی بی ایم یعنی دور تک مار کرنے والے میزائل ہے جو امریکہ تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ جاپان نے کہا ہے یہ میزائل ایک گھنٹے تک 6000 کلو میٹر کی بلندی پر اڑتا ہوا جاپان کے پانیوں میں گرا ہے۔ 2017 میں ٹیسٹ کیا گیا ہاسنگ 15 میزائل 4500 کلو میٹر کی بلندی تک پہنچ سکا تھا اور وہ اس زاویے سے 13000 کلو میٹر دور تک مار کر سکتا ہے جو امریکا کے ہر حصے تک پہنچ سکتا ہے۔جبکہ نیا میزائل اس سے زیادہ بلندی پر پرواز کرتے ہوئے اور زیادہ دور تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تجزیہ کار نے اسے دیو ہیکل میزائل قرار دیا ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ موبائل لانچر سے داغا گیا سب سے بڑا بین البراعظمی میزائل ہے جو کئی وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
شمالی کوریا کے میزائل تجربے کے بعد امریکا نے روس اور شمالی کوریا پر نئی پابندیاں عائد کر دیں۔ امریکا کے مطابق پابندیوں کے شکار افراد، آرگنائزیشنز شمالی کوریا میزائل پروگرام کیلئے حساس آلات فراہم کررہی تھیں، پابندیاں شمالی کوریا کے میزائل پروگرام کو آگے بڑھنے سے روکنے کیلئے کوششوں کا حصہ ہیں ۔


































