
جنیوا : اقوام متحدہ کے ادارے انروا نے خبردار کیا ہے کہ رفح کراسنگ کو اس کی مکمل گنجائش کے ساتھ فعال کرنے میں رکاوٹ غزہ کے انسانی المیے کو مزید سنگین بنا رہی ہے۔ جس سے مزید قیمتی جانوں کے نقصان کا خدشہ ہے۔انروا کے ترجمان جوناتھن فاولر نے صحافیوں سے گفتگو میں واضح کیا کہ طبی بنیادوں پر مریضوں کا انخلاء اب بھی انتہائی محدود ہے جبکہ غزہ میں داخل ہونے والی انسانی امداد کی مقدار ہولناک ضروریات کے مقابلے میں کم ترین سطح پر ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے نتیجے میں غزہ کا نظامِ صحت مکمل طور پر تباہی اور انہدام کا شکار ہو چکا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ رفح کراسنگ کو مستقل اور مکمل طور پر کھولنے کی ضمانت دی جائے اور مریضوں کی نقل و حرکت سمیت انسانی امداد کے بہاؤ کو آسان بنایا جائے۔ جوناتھن فاؤلر نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں انسانی صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔


































