
غزہ : حماس نے بیت للحم کے مشرق میں نئی صیہونی بستی کے قیام کو مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی نوآبادیاتی پالیسی کی خطرناک توسیع قرار دے دیا ہے۔ حماس رہنما محمود مرداوی نے بیان میں کہا کہ نئی صیہونی بستی کا قیام زمینی حقائق زبردستی مسلط کرنے کی کوشش ہے۔ یہ اقدام بین الاقوامی انتباہات اور قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ مرداوی کے مطابق فلسطینی زمین پر غیرقانونی صیہونی آبادکاروں کی بستیاں قائم کرنا ایک منظم منصوبے کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کا مقصد مغربی کنارے کے اضلاع کا گھیرا تنگ کرنا اور الحاق و جبری بے دخلی کے منصوبوں کو مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بستیوں کی توسیع فلسطینی شناخت کو تبدیل نہیں کر سکتی اور نہ ہی اسرائیلی قبضے کو کوئی جواز فراہم کرتی ہے۔
مرداوی نے کہا کہ ایسے اقدامات عوامی غصے کو مزید بھڑکائیں گے اور فلسطینیوں کی اپنی سرزمین اور قومی حقوق سے وابستگی کو مضبوط کریں گے۔


































