رپورٹ: سید عدیل زیدی
وطن عزیز پاکستان میں لگ بھگ گذشتہ ایک ماہ کے دوران دہشتگردی کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، حکومت کے تحریک طالبان پاکستان کے کیساتھ مذاکرات کی بازگشت کے دوران یہ توقع کی جا رہی تھی کہ دہشتگرد مذاکرات کی کامیابی و ناکامی، دونوں صورتوں میں پاکستان میں کارروائیاں کرسکتے ہیں۔ مذاکرات کی کامیابی کی صورت میں ممکن تھا کہ محدود مدت کیلئے امن قائم ہوتا اور پھر دہشتگرد دوبارہ سرگرم ہوکر امن و امان تہہ و بالا کرتے، جس کی ماضی میں مثالیں موجود ہیں۔ تاہم ثانوی صورت میں دہشتگردوں کا ردعمل فطری تھا، لیکن اس صورتحال میں دیرپا امن کی خواہش عملی شکل اختیار کرسکتی ہے۔ یہاں یہ جاننا ضروری ہے کہ افغانستان میں طالبان کی حکومت قائم ہونے کے بعد سے ٹی ٹی پی کا مستقبل داو پر لگ گیا تھا، افغانستان سے امریکی انخلاء کے بعد سرحد پار تحریک طالبان پاکستان کیلئے مشکلات بڑھی تھیں۔
ملک میں دہشتگردی کی حالیہ لہر کا جائزہ لیا جائے تو تیس دسمبر کو بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سائنس کالج کے نزدیک میں بم دھماکہ ہوا، جس میں 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔ 16 جنوری کو پشاور میں معروف اہلحدیث عالم دین مولانا شیخ عبدالحمید کو دہشتگردوں نے اس وقت ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا، جب وہ اپنے بھائی کے ہمراہ گاڑی میں جا رہے تھے، اس واقعہ میں مولانا عبدالحمید جاں بحق، جبکہ ان کا چھوٹا بھائی شیخ محمد رحمتی شدید زخمی ہوگیا۔ اس واقعہ کے ایک روز بعد ہی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 17 جنوری کی رات کراچی کمپنی کے قریب گشت کرنے والے چار پولیس اہلکاروں پر موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے فائرنگ کی۔ اس واردات میں زخمی ہونیوالے ہیڈ کانسٹیبل محمد منور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے تھے، اس حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان نے قبول کی تھی، جس میں دو دہشتگرد بھی ہلاک ہوگئے تھے، ٹی ٹی پی کے مطابق اسی رات دیر اور شمالی وزیرستان میں ہونیوالی کارروائیوں میں بھی دو پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے۔
17 جنوری کو ہی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں پرواہ کے علاقہ میں تین اہل تشیع افراد کو شہید کر دیا گیا، اس واقعہ کیخلاف مقامی افراد نے دھرنا دیا اور اسے فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ قرار دیا۔ تین ہی روز بعد پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے مصروف ترین انارکلی بازار میں دہشتگردی کا واقعہ پیش آیا، جہاں بم دھماکے کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ 20 زخمی سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ ان واقعات کے بعد 21 جنوری کو وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز اور صوبائی پولیس سربراہان کے نام ایک مراسلہ جاری کیا گیا، جس میں سکیورٹی انتظامات بہتر کرنے کی تاکید کی گئی۔ اس مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ لاہور میں انارکلی بازار میں ہونے والے دہشتگرد حملے اور ریاست مخالف گروہوں کی جانب سے خطرے کے تناظر میں تمام صوبوں اور علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ زیادہ چوکنا رہیں، تاکہ کسی بھی ناخواشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔
بعدازاں 25 اور 26 جنوری کی درمیانی رات بلوچستان کے علاقہ کیچ میں ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے 25 اور 26 جنوری کی درمیانی رات حملہ کیا، اس حملہ میں 10 فوجی جوان شہید ہوئے۔ جبکہ فورسز کی جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد گرفتار اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔ 30 جنوری دہشتگردوں نے ایک مرتبہ پھر پشاور کو نشانہ بنایا اور مقامی چرچ کے پادری ولیم سراج کو قتل کر دیا، اس واقعہ میں دوسرا پادری زخمی ہوگیا۔ یہ واقعہ رینگ روڈ پر پیش آیا۔ اس واقعہ کے اگلے ہی روز یعنی 31 جنوری کو خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو کے علاقہ دوابہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کرکے دو پولیس اہلکاروں کو شہید کر دیا۔ 2022ء کے پہلے ماہ یعنی جنوری کے دوران پاکستان کے مختلف شہروں میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ایسے میں سوال اٹھ رہا ہے کہ ان واقعات میں اضافے کی وجوہات کیا ہیں اور وہ کون سے عوامل ہیں، جن کے باعث اس وقت دہشتگردی کی ایک نئی لہر جنم لے رہی ہے۔
افغانستان میں ’’تبدیلی‘‘ آنے کے باوجود پاکستان میں ہونیوالی دہشتگردی کے تانے بانے کسی نہ کسی صورت سرحد پار سے ضرور ملتے ہیں، گو کہ افغان طالبان متعدد مرتبہ یہ دعویٰ کرچکے ہیں کہ وہ ٹی ٹی پی کی دہشتگردی کو روکیں گے، تاہم اب تک ایسا ممکن نہیں ہو پایا، افغانستان میں سابق حکومت کی باقیات اب بھی کسی نہ کسی طرح موجود ہیں، جن کا مقصد پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے۔ بعض مبصرین کا خیال ہے کہ ٹی ٹی پی کے لئے مسائل میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، ان کی فنڈنگ ختم ہوچکی ہے، ان کے پاس اب کوئی علاقہ آپریشنل سرگرمیوں کے لیے نہیں ہے، وہ ایک گوریلا جنگ لڑ رہے ہیں، جس میں ایک بندہ بھی کسی دہشت گردانہ حملے کے لیے کافی ہوتا ہے، اس لیے اس کو ختم کرنے میں ٹائم لگے گا، لیکن صورتحال یقیناً ایسی نہیں ہوگی کہ ٹی ٹی پی پھر بڑے پیمانے پر ملک کے طول و عرض پر حملے کرے۔ ٹی ٹی پی کا مقصد پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیاں کرکے ریاست کو ایک مرتبہ پھر مذاکرات پر مجبور کرنا اور خود کیلئے ’’محفوظ‘‘ راستہ تلاش کرنا نظر آتا ہے۔

































