
رام اللہ : فلسطینی اتھارٹی اور حماس نے صیہونی کابینہ کے فیصلوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے خلاف کھلی جارحیت قرار دیا ہے۔ فلسطینی وزارتِ خارجہ و امورِ تارکینِ وطن نے کہاہےکہ یہ فیصلے نوآبادیاتی صیہونی آبادکاری کے ذریعے زمینی حقائق مسلط کرنے اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں، بشمول القدس، کی قانونی حیثیت تبدیل کرنے کی ناکام کوشش ہیں۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ صیہونی ریاست کو مقبوضہ فلسطین کے کسی بھی شہر یا علاقے پر کوئی خودمختاری حاصل نہیں۔ فلسطینی وزارت نے ان فیصلوں کو مکمل جنگی جرم کا اعلان قرار دیا۔
ادھر حماس نے اسرائیلی کابینہ کے فیصلے کو مغربی کنارے کے الحاق، آباد کاری اور نسل کشی کی پالیسیوں کا تسلسل قرار دیا۔ حماس نے عرب اور اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ مغربی کنارے کے الحاق کو ایک حقیقت کے طور پر مسلط کرنے کے اسرائیلی منصوبوں کے خلاف اپنی تاریخی ذمہ داریاں پوری کریں اور سنجیدہ و عملی اقدامات اٹھائیں.


































