
تل ابیب: جنگی مجرم اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے یکطرفہ طور پر فلسطینی اتھارٹی کو جنگ بندی کے بعد غزہ میں کسی بھی حکومتی کردار سے روک دیا ہے۔ نیتن یاہو نے تل ابیب میں امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف سے ملاقات کے بعد جاری بیان میں کہا کہ فلسطینی اتھارٹی غزہ پٹی کی انتظامیہ میں کسی بھی طریقے سے شامل نہیں ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بنائے گئے بورڈ آف پیس میں فلسطینی حکومت کی ممکنہ شمولیت واضح نہیں کی گئی، جبکہ رپورٹس میں رام اللہ کی حکومت کو اس نو آبادیاتی طرز کے اقدام میں شامل کرنے کا ذکر نہیں۔
فی الحال غزہ کے روز مرہ امور ایک ٹیکنوکریٹک ادارہ، نیشنل کمیٹی فار دی ایڈمنسٹریشن آف غزہ کے ذریعے سنبھالے جا رہے ہیں، جب تک کہ فلسطینی اتھارٹی اصلاحاتی عمل مکمل نہیں کر لیتی۔


































