
تل ابیب : اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے دھمکی دی ہے کہ اسرائیل غزہ کی تعمیرِ نو کی اجازت اُس وقت تک نہیں دے گا جب تک حماس کو غیر مسلح اور غزہ کو اسلحے اور سرنگوں سے پاک نہ کر دیا جائے۔ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے ٹیلی وژن پر خطاب میں کہا ہے کہ اسرائیل اسوقت دو باقی اہداف پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، جن میں حماس کو غیر مسلح کرنا اور غزہ کو غیر فوجی علاقہ بنانا شامل ہے۔ نیتن یاہو نے واضح کیا کہ ان اہداف کو حاصل کرنے کے لیے دو ہی راستے ہیں، آسان یا مشکل، لیکن یہ کام ہر صورت کیا جائے گا۔ انہوں نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینی ریاست کے قیام کی اجازت دے گا، اور کہا کہ ایسا نہ پہلے ہوا ہے اور نہ آئندہ ہوگا۔ اسرائیلی وزیراعظم کے مطابق فلسطینی ریاست کے قیام میں سب سے بڑی رکاوٹ وہ خود رہے ہیں۔ نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل دریائے اردن سے لے کر سمندر تک سیکیورٹی کنٹرول برقرار رکھے گا، اور یہ پالیسی غزہ پر بھی لاگو ہوگی۔


































