
تہران : ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے متعلق ایران اور عمان کے درمیان جاری مذاکرات اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں اور دونوں ممالک معاہدے کو حتمی شکل دینے کے قریب ہیں۔ تہران میں کابینہ کے اجلاس کے آغاز پر گفتگو میں عباس عراقچی نے بتایا کہ ایران اور عمان کے درمیان بات چیت مثبت سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور اس حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
ادھر وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بتایا کہ تہران اور مسقط کے درمیان بات چیت کا مقصد خلیج فارس اور بحیرہ عمان کو ملانے والی اہم آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز میں ایک مخصوص بحری راہداری پر اتفاق کرنا ہے۔ اس مفاہمت کا براہ راست تعلق آبنائے ہرمز کی بندش یا بحالی سے نہیں ہے۔ تہران موجودہ جنوبی روٹ کو قابل قبول نہیں سمجھتا۔


































