تحریر: تصور حسین شہزاد
پاکستان میں آرمی چیف کی ’’عزت‘‘ وزیراعظم اور صدر سے زیادہ ہوتی ہے۔ شائد اس کی وجہ وہ ’’چھڑی‘‘ ہے جو آرمی چیف کے ہاتھ میں ہوتی ہے۔ کیونکہ بھینس ہمیشہ اُسی کی ہوتی ہے جس کی لاٹھی ہو۔ ہمارے آرمی چیف جنرل باجوہ بہت اچھے انسان ہیں۔ دردمند ہیں، پروفیشنل ہیں۔ کسی بھی افسر کیلئے یہ بڑی بات ہوتی ہے کہ وہ کتنا پروفیشنل ہے۔ یعنی وہ ادارے کی حدود و قیود کو جانتا بھی ہوتا ہے اور اس پر عمل بھی کرواتا ہے۔ گزشتہ روز وہ لاہور کے دورے پر تھے۔ کور ہیڈ کوارٹر کا بھی دورہ کیا اور یہاں انہوں نے لاہور کی مختلف یونیورسٹیز کے طلبہ سے ملاقات بھی کی۔ اس ملاقات میں انہوں ںے طلبہ اور اساتذہ کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔ قومی سلامتی اور ملک کی داخلی صورتحال کے حوالے سے بھی نوجوانوں کو اعتماد میں لیا۔ جنرل باجوہ نے بڑی کشادہ دلی سے طلبہ کو سنا اور ان کے تحفظات دور کئے۔
جنرل باجوہ نے تعلیمی اداروں کے نوجوان سازی میں کردار کو بھی سراہا۔ اس ملاقات میں جنرل باجوہ نے اپنا دل کھول کر ملک کے ’’مستقبل‘‘ کے سامنے رکھ دیا۔ یقیناً نوجوان ملک کا مستقبل ہیں۔ جنرل باجوہ کو اس بات کا بھی دلی دکھ ہے کہ ملک میں معاملات بہتر نہیں ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ ملک میں تعلیم، صحت، ماحولیات، انسانی ترقی اور انفراسٹرکچر میں بہتری آئے اور یہ کام نوجوان نسل کر سکتی ہے اور اس میں تعلیمی اداروں کا کردار نمایاں ہو سکتا ہے۔ آرمی چیف نے اعتراف کیا کہ پاکستانی نوجوان بہت باصلاحیت، محنتی اور مثبت سوچ کے حامل ہیں۔ یہاں آرمی چیف نے بڑی پتے کی بات کی کہ اگر ان نوجوانوں کو مواقع اور روزگار ملے تو یہ ملک کو ترقی و خوشحالی کی طرف لے جائیں گے۔ سپہ سالار نے یہ اہم بات بھی کی کہ بیرونی مفادات کے تحت غلط معلومات کا پھیلاؤ غلط فہمیاں پیدا کر رہا ہے۔ ایسی کوششیں ملک کی ہم آہنگی کیلئے خطرہ ہیں، دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے ہمیں متحد ہونا پڑے گا۔
یہ مکالمے کی ایک طویل نشست تھی۔ نوجوان نسل کیساتھ ملکی سطح کے اداروں اور ان کے سربراہوں سے اس قسم کا مکالمہ وقت کی ضرورت ہے۔ تعلیمی اداروں میں نوجوانوں کو جو کچھ پڑھایا جاتا ہے، اس سے ان میں نظری وسعت پیدا ہوتی ہے، جبکہ ایسی نشستیں انہیں حالات سے براہ راست با خبر ہونے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ ہمارے معاشرے میں ابہام اتنا بڑھ گیا ہے کہ کئی سامنے کی چیزیں بھی دھندلا گئی ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کا یہ کہنا بڑی اہمیت کا حامل ہے کہ غلط معلومات کا پھیلاؤ غلط فہمیاں پیدا کر رہا ہے۔ اس وقت ہم انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سیلاب کی زد میں ہیں۔ سوشل میڈیا کے ذریعے ہر قسم کا مواد خصوصاً نوجوان نسل تک پہنچ رہا ہے اس حوالے سے بگڑتی صورتحال کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ لاہور میں ایک نوجوان نے پب جی گیم کھیلتے ہوئے اپنی ماں اور تین بہن بھائی قتل کر دیئے۔ اسی طرح غیر ملکی ثقافتی یلغار بھی ہماری نوجوان نسل کا تعاقب کر رہی ہے۔ نوجوانوں میں بے راہ روی کیساتھ فرقہ واریت پھیلائی جا رہی ہے۔
دشمن اب سرحد پر آ کر لڑنے کی بجائے، ہمارے گھروں میں گھس چکا ہے۔ موبائل فون کی صورت میں ایک ایسا دھماکہ خیز مواد ہمارے ہاتھوں میں ہے جسے مثبت انداز میں استعمال نہ کیا جائے تو وہ خودکش بمبار کی طرح پھٹ کر ہماری فکر اور سوچ کو تباہ و برباد کر سکتا ہے۔ ہمارے ہاں نسلی، لسانی، علاقائی اور فرقہ وارانہ تعصبات پھیلانے میں بھی یہ ذریعہ استعمال کیا جا رہا ہے۔ بلا تصدیق معلومات کا پھیلاؤ معاشرے میں ہیجان پیدا کر رہا ہے۔ ہماری سلامتی کی دشمن قوتیں اسے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہیں۔ قومی اداروں کیخلاف مذموم مقاصد کا ایجنڈا بھی اس سازش کا حصہ ہے۔ ایسے میں صرف یہی کافی نہیں کہ قانونی ضابطوں سے اس سیلاب کے آگے بند باندھا جائے۔ اس کا ایک راستہ یہ بھی ہے کہ نوجوان نسل کو ان خطرات سے آگاہ کرکے ان کیخلاف سینہ سپر ہونے کی ترغیب دی جائے۔ آرمی چیف نے یہی راستہ اختیار کیا ہے اور نوجوانوں کو ان خطرات سے آگاہ کیا ہے، جو دشمن ہمارے خلاف مذموم پروپیگنڈے کے ذریعے جاری رکھے ہوئے ہے۔
اگر نوجوان اس بیرونی ایجنڈے کیخلاف متحد ہو کر اپنی توانائیاں صرف کریں تو ہم اس چیلنج سے بآسانی نمٹ سکتے ہیں۔ عسکری قیادت کیساتھ ساتھ ہماری سیاسی قیادت کو بھی چاہئے کہ وہ نوجوان نسل سے مکالمہ کرے۔ صرف لایعنی سیاسی مباحث کی بجائے نوجوانوں سے حالات حاضرہ پر با معنی تبادلہ خیال کیا جائے۔ تقسیم کرنے کی بجائے متحد کرنے کی پالیسی اپنائی جائے تاکہ دشمن کو یہ موقع ہی نہ ملے وہ کوئی نقب لگا سکے۔ انتہا پسندی اور عدم برداشت دو ایسے عوامل ہیں جنہیں فروغ دے کر غیر ملکی طاقتیں ہمیں کمزور کر سکتی ہیں۔ قومی یکجہتی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، سیاسی محاذ پر عدم برداشت کا کلچر سب سے زیادہ نظر آتا ہے۔ قومی اداروں کو سیاسی معاملات میں گھسیٹنے کی روش بھی ایک طرح کی انتہا پسندی ہے، کیونکہ اس سے نوجوانوں میں قومی اداروں کے حوالے سے منفی تاثر جنم لیتا ہے۔ دنیا کی تاریخ یہی بتاتی ہے جب بھی کسی ملک کو کمزور کرنا مقصود ہو سب سے پہلے اس کے اداروں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ غلط معلومات کے ذریعے عوام اور اداروں میں خلیج پیدا کی جاتی ہے۔
یہ بات بھی ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ کسی بھی قوم کا سب سے حساس طبقہ اس کی نوجوان نسل ہوتی ہے۔ نوجوان نسل ہی کو سب سے زیادہ پروپیگنڈے کا سامنا ہوتا ہے، کچے ذہنوں اور کم معلومات کی وجہ سے نوجوان بآسانی منفی پروپیگنڈے کے زیر اثر آ جاتے ہیں۔ اس لئے تعلیمی اداروں میں جہاں تعلیم و تعلم کا سلسلہ جاری رہے، وہاں نوجوانوں کی ذہنی تربیت اور کردار سازی بھی وقت کی ضرورت ہے۔ انہیں ان چیلنجوں سے آگاہ کیا جائے اور ان سے نبرد آزما ہونے کیلئے وہ معلومات بھی فراہم کی جائیں جو منفیّت کا توڑ کرنے میں معاون ثابت ہو سکیں۔ سیاسی قیادت کو بھی اس لکیر کا خیال رکھنا چاہئے جو قومی مفاد اور قومی نقصان کے درمیان موجود ہوتی ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف نے ایک اچھی روایت کا آغاز کیا ہے، اس سلسلے کو جاری رہنا چاہئے۔ بہتر ہوگا کہ ملک کے دیگر بڑے شہروں میں بھی نوجوانوں سے یہ مکالمہ جاری رکھا جائے۔ شعور کی بیداری اور حالات سے با خبر رکھنے کی حکمتِ عملی ہمیں ایک ایسی نسل تیار کرنے میں مدد دے سکتی ہے جو غیر ملکی ثقافتی یلغار اور دشمن کے منفی پروپیگنڈے کے سامنے ڈھال بن جائے۔

































