
جدہ: سعودی عرب سمیت آٹھ مسلم ممالک نے کہا ہےکہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر اسرائیل کی کوئی خودمختاری تسلیم نہیں کی جائے گی۔ عالمی برادری خطرناک اسرائیلی اقدامات رکوائے۔ سعودی وزارتِ خارجہ کے بیان کے مطابق سعودی عرب، اردن، متحدہ عرب امارات، قطر، انڈونیشیا، پاکستان، مصر اور ترکیے کے وزرائے خارجہ نے مغربی کنارے سے متعلق اسرائیلی اقدامات کی شدید مذمت کی ہے۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی اقدامات سراسر غیر قانونی ہیں جن کا مقصد مغربی کنارے کا زبردستی الحاق کرنا اور فلسطینی عوام کو ان کی سرزمین سے بے دخل کر کے جبری ہجرت پر مجبور کرنا ہے۔ وزرائے خارجہ نے خبردار کیا کہ توسیع پسندانہ اسرائیلی پالیسیاں خطے میں تشدد اور عدم استحکام کو بڑھا رہی ہیں۔ بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنی قانونی اور اخلاقی ذمہ داریاں ادا کرے اور اسرائیل کو مقبوضہ مغربی کنارے میں خطرناک اقدامات روکنے پر مجبور کرے۔


































