
تہران : ولی امر مسلمین آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں کی پالیسی علاقے کے ملکوں میں اختلاف و تفرقہ ڈالنا اور امن و استحکام کو غارت کرنا ہے۔ عاقے کے تمام ملکوں کو چاہئے کہ اس مسئلے پر بھرپور توجہ دیں۔ عمان کے سلطان ہیثم بن طارق آل سعید سے بات چیت میں ولی امر مسلمین نے خطے میں صیہونی حکومت کے خطرات سے خبردار کرتے ہوئے اسلامی ممالک کی قربت اور باہمی روابط کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے ایران اور عمان کے روابط میں فروغ کو دونوں ملکوں کے فائدے میں قرار دیا۔ ولی امر مسلمین نے امید ظاہر کی کہ اسلامی حکومتیں اپنے رابطوں کو فروغ دے کر اپنی شان و شوکت اور عظمت و وقار کو بحال کریں گی اور اسلامی ممالک ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بڑھا کر پوری اسلامی دنیا اور سبھی مسلم اقوام کے مفاد میں کام کریں گے۔ عمان کے سلطان نے آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات پر خوشی و مسرت کا اظہار کرتے ہوئے عمان کی پالیسیوں کو پڑوسی ملکوں منجملہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات کی توسیع پر استوار قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ تہران میں ہونے والے مذاکرات میں مختلف شعبوں میں تعاون کے بارے میں تبادلہ خیال ہوا اور توقع کی جاتی ہے کہ دونوں ملکوں کے تعلقات ماضی سے کہیں زیادہ فروغ پائیں گے ۔


































