
لندن : خفیہ اسرائیلی ادارے موساد کے سابق سربراہ نے متعدد خفیہ ملاقاتوں میں عالمی فوجداری عدالت کی پراسیکیوٹر کو اسرائیل کے خلاف تحقیقات کرنے سے باز رہنے کی دھمکیاں دی تھیں۔ برطانوی روزنامے گارجین نے دعویٰ کیا ہے کہ یوسی کوہین نے دوہزار اکیس میں اسرائیلی جرائم کی تحقیقات شروع کرنے پر عالمی فوجداری عدالت کے پراسیکیوٹر فوٹو بینسوڈا کے ساتھ کئی خفیہ ملاقاتیں کیں اورانہیں مشورہ دیا کہ ’تمہیں ہماری مدد کرنی چاہئے اور ایسے معاملات میں نہیں پڑنا چاہئے جن سے تمہاری اور تمہارے گھرانے کی سلامتی خطرے میں پڑجائے’۔ یوسی کوہین اس وقت موساد کے ڈایریکٹر جنرل تھے اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے قریبی ہیں۔ گارجین نے مزید انکشاف کیا ہے کہ مس بینسوڈا نے آئی سی سی کے چار سینیر عہدیداران کو اسرائیلی دھمکیوں سے آگاہ کردیا تھا۔ گارجین نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ موساد چیف کی سرگرمیوں سے متعلق یہ انکشافات آئندہ شائع ہونے والی تحقیقات کا نتیجہ ہیں جو گارجین، اسرائیلی فلسطینی جریدے نائن سیون ٹو پلس میگزین اور عبرانی میں شائع ہونے والے جریدے لوکل کال نے مشترکہ طورپر کی ہیں اور جن سے ظاہرہوتا ہے کہ تقریباً دس سال تک اسرائیل کے مختلف خفیہ اداروں نے آئی سی سی کے خلاف خفیہ جنگ جاری رکھی ہے۔


































