
تل ابیب : اسرائیلی فوج نے پہلی بار انکشاف کیا ہےکہ غزہ میں اس کے ساتھ ساتھ پچاس ہزار سے زائد غیر ملکی شہری بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اسرائیلی اخبار یدیوت اہرونوٹ نے فوج کے سرکاری اعداد و شمار کی بنیاد پر غزہ میں خدمات انجام دینے والے غیر ملکیوں کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق پچاس ہزار چھ سو بتیس فوجی اسرائیل کے علاوہ ایک یا ایک سے زیادہ ممالک کی شہریت رکھتے ہیں۔ ان میں سب سے بڑی تعداد امریکیوں کی ہے جو بتیس ہزار ایک سو پینتیس ہے۔ فرانسیسی شہریت رکھنے والے 6,100 سے زائد اور روسی شہریت رکھنے والے 5,000 سے زائد ہیں، جبکہ برطانوی فوجیوں کی تعداد کم از کم 2,069 ہے۔ مزید ہزاروں فوجی جرمنی، یوکرین، رومانیہ، پولینڈ، کینیڈا اور لاطینی امریکی ممالک کے پاسپورٹ رکھتے ہیں، جبکہ کچھ اہلکار عرب ممالک جیسے یمن، تونس، لبنان، شام اور الجزائر کی شہریت بھی رکھتے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق 4,440 فوجی دو غیر ملکی شہریتیں رکھتے ہیں اور 162 فوجیوں کے پاس تین یا اس سے زائد غیر ملکی پاسپورٹ ہیں۔


































