
صنعا : یمنی بحریہ نے بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں اسرائیلی بندرگاہ کی طرف جانے والے جہازوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔ یمنی فوج نے اسرائیل کے لیے بحیرہ احمر کو نوگو ایریا بنادیا ہے۔ اسرائیلی جہازوں پر مسلسل حملوں سے اسرائیل کو اربوں ڈالر کا خسارہ ہوچکا ہے۔ اسرائیلی بندرگاہ ایلات اور حیفہ میں کام ٹھپ ہوچکا ہے۔ یمنی فوج کے ترجمان یحییٰ السریع کے مطابق جب تک اسرائیلی فوج غزہ سے نکل نہیں جاتی اور آزاد فلسطینی ریاست قائم نہیں ہوتی یمنی فوج اسرائیل پر حملے جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور برطانیہ کے یمن پر حملوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا یمنی فوج اور عوام اسرائیل کے اتحادیوں سے جنگ کے لیے تیار ہیں اور اسرائیل کی حمایت کرنے والے اپنی غلطی پر بہت جلد پچھتائیں گے۔


































